برطانیہ، کینیڈا نے میانمار کے حکمران جرنیلوں پر پابندیاں عائد کردی
جرنیلوں سے انسانی حقوق کی پامالیوں کا ازالہ اور عوام کے لیے انصاف کے حصول کا تقاضہ کریں گے،برطانوی وزیرخارجہ
لندن فروری 19(ڈیلی پاکستان آن لائن) برطانیہ اور کینیڈا نے حکومت کا تختہ الٹنے پر میانمار کے حکمران جرنیلوں پر پابندیاں عائد کردیں۔
غیرملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق میڈیارپورٹس کے مطابق برطانیہ نے کہا کہ وہ تین جرنیلوں پر اثاثے منجمد کرنے اور سفری پابندیاں عائد کرے گا جبکہ کینیڈا نے کہا کہ وہ 9 فوجی عہدیداروں کے خلاف کارروائی کرے گا۔برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راب نے کہا کہ ہم اپنے بین الاقوامی اتحادیوں کے ساتھ مل کر میانمار کی فوج کو انسانی حقوق کی پامالیوں کا ازالہ اور عوام کے لیے انصاف کے حصول کا تقاضہ کریں گے۔برطانیہ میں جنتا کے رہنما من آنگ ھلاینگ پر پہلے ہی پابندیاں عائد تھیں جنہوں نے مسلم روہنگیا اور دیگر نسلی اقلیتی گروہوں کے خلاف انسانی حقوق کی پامالیوں کا الزام عائد کیا تھا۔میانمار کی حکومت نے نئی پابندیوں پر فوری رد عمل ظاہر نہیں کیا۔فوج کے ترجمان نے ایک نیوز کانفرنس میں بتایا کہ پابندیوں کی توقع کی گئی تھی۔