ایران مبینہ طور پر دنیا بھر میں اسرائیلی سفارتخانوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنا سکتا ہے، اسرائیلی حکومت کا دعویٰ
یروشلم (ڈیلی پاکستان آن لائن)اسرائیل کی حکومت نے گزشتہ روز دنیا بھر میںموجود اپنے سفارتکاروں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی طرف سے مبینہ طور پر اسرائیلی سفارتخانوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔ قبرص میں ایک یا زیادہ اسرائیلی کاروباری افراد کو قتل کرنے کی مبینہ سازش پر ایک آذری شہری کی گرفتاری کے بعدیہ ریڈ الرٹ اسرائیلی حکومت کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔ چینل 12 نیوز کے مطابق دنیا بھر میں اسرائیلی سفارت کاروں کو ہائی الرٹ پر رہنے کے لیے کہا گیا ہے۔چینل کی طرف سے یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ تین مشتبہ افراد جو مبینہ طور پر اس ناکام دہشتگردی کی سازش میں ملوث تھے وہ قبرص سے فرار ہو چکے ہیں۔ اسرائیلی خفیہ ایجنسیوں کے مطابق ایران کی طرف سے ماضی میں بھی اسرائیلی سفارتخانوں کونشانہ بنانے کی دھمکیاں ملتی رہی ہیں۔ رواں سال مارچ میں قومی سلامتی کونسل نے اسرائیلیوں کو خبردار کیا تھا کہ انہیں بیرون ملک اسلامی جمہوریہ ایران نشانہ بنا سکتی ہے۔اسرائیلی سلامتی کونسل کی طرف سے یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ جنوری میں بھارت میں اسرائیلی سفارتخانے کے قریب ہونے والے بم دھماکے میں ایران کے ملوث ہونے کے شواہد ملے تھے۔اس بم دھماکے میں کسی کے جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں وصول ہوئی تھی۔ اسرائیلی حکومت نے گزشتہ ہفتے قبرص میں ارب پتی ٹیڈی ساگی کو قتل کرنے کے منصوبے میں بھی ایران کو ہی مورد الزام ٹھہرایا تھا۔ تاہم مقامی میڈیا کا گزشتہ روز یہ کہنا تھا کہ قبرصی حکام کو یقین نہیں ہے کہ اس سازش کے پیچھے ایران کا ہاتھ ہے۔قبرصی حکام کو یقین ہے کہ قاتل کا اصل ٹارگٹ ساگی نہیں بلکہ اس کی کمپنی کے دیگر افراد تھے۔
Home / انٹر نیشنل / ایران مبینہ طور پر دنیا بھر میں اسرائیلی سفارتخانوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنا سکتا ہے، اسرائیلی حکومت کا دعویٰ