اسلام آباد 22 فروری ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے دعوی کیا ہے کہ اپوزیشن اتحاد کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کے پاس سینیٹ کی نشست جیتنے کیلئے 12ممبران زیادہ ہیں۔
پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ جیت کے بعد وہ سینٹ میں پی ڈی ایم کی ترجمانی کریں گے. ان کا کہناتھا کہ بظاہر نظر آ رہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ مکمل طور پر نیوٹرل ہے۔ سینیٹ انتخابات میں ان کی فتح جمہوری قوتوں کی فتح ہو گی۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پہلے بھی انہیں متفقہ وزیراعظم منتخب کیا گیا تھا، وزیراعظم بنا تو 264 ووٹ ملے تھے، سینٹ انتخاب کے لئے بھی ووٹ مانگنے پی ڈی ایم کے تمام اکابرین کے پاس فرداً فرداً جاؤں گا. پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین کے ساتھ ملاقات کے حوالے سے یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا میری جہانگیر ترین سے ملاقات نہیں ہوئی اور نہ ہی ان سے کوئی رابطہ ہوا ہے، جہانگیر ترین میرے عزیز ہیں ان کو کہنے کی ضرورت نہیں ہے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ سینیٹ کی رکنیت کیلئے یوسف رضا گیلانی کامیاب بھی ہوں گے ، جب سے یوسف رضا گیلانی کا اعلان ہوا حکومتی حلقوں میں کھلبلی مچ گئی ہے، حکومت کا اپنی صفوں پرعدم اعتماداورخوف نظرآرہا ہے۔
انھوں نے مزید کہا یوسف رضاگیلانی ہمارےوزیراعظم بھی رہےہیں، اگریہ سینیٹر بنتے ہیں توہمارے لئےاعزازکی بات ہوگی، پی ڈی ایم یوسف رضاگیلانی کی حمایت میں ایک صف میں ہیں، ہم یہ معرکہ کامیابی سےلڑیں گے.