Home / کھیل / اووسیز پاکستانی قومی کھیل کی بحالی کیلئے میدان میں آگئے

اووسیز پاکستانی قومی کھیل کی بحالی کیلئے میدان میں آگئے

ملک کی تباہ حال معیشت کو سہارا دینے کے بعد اوورسیز پاکستانیوں نے قومی کھیل ہاکی کی بحالی کا بیڑہ بھی اٹھالیا۔ تاریخ میں پہلی بار کنگ خان فائیو اے سائیڈ ٹورنامنٹ کا انعقاد کرکے ہاکی کے مردہ گھوڑے میں جان ڈال دی۔ کنگ خان انٹرنیشنل ہاکی کلب دبئی کے صدر علی رضا خان نے مستقبل میں بھی پاکستان میں قومی سطح پر ایونٹس کے انعقاد کاسلسلہ جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔ دبئی میں عرصہ دراز سے مقیم ہاکی سے پیار کرنے والے پاکستانی علی رضا خان نے ملک میں ہاکی کا معیار روز بروز گرتے دیکھ کر اس کی بحالی کا بیڑہ اٹھایا اور کھیلوں کے سامان کی تیاری کے حوالہ سے دنیا بھر میں مشہور شہر سیالکوٹ میں ملکی تاریخ کے پہلے فائیو اے سائیڈ ایونٹ کا انعقاد کیا جس میں ملک بھر سے بارہ ٹیموں نے شرکت کی۔ دبئی کی کامیاب کاروباری شخصیت علی رضا خان نے جو خود بھی ہاکی کے بہترین کھلاڑی ہیں چند برس قبل پاکستان کے نامور کھلاڑیوں کے ساتھ مل کر کنگ خان کے نام سے ہاکی کلب کی بنیاد رکھی جس نے چند ہی برسوں میں دنیائے ہاکی میں ممتاز مقام حاصل کرلیا۔ کنگ خان نے متحدہ عرب امارات میں کھیلے جانے والے تمام ایونٹس جیت کر خطے میں اپنی دھاک بٹھالی۔ کلب کی کامیابیوں کو دیکھتے ہوئے اسے یورپ اور ایشیاء کے کئی ممالک سے ایونٹس میں شرکت کے دعوت نامے موصول ہونے لگے اور دیکھتے ہی دیکھتے کنگ خان کاشمار دنیا کے بہترین ہاکی کلبز میں ہونے لگا۔حال ہی میں کنگ خان نے پاکستان میں ہاکی کی زبوں حالی کو دیکھتے ہوئے اس میں بہتری لانے کا عزم کیا ہے جس کا آغاز سیالکوٹ میں فائیو اے سائیڈ ٹورنامنٹ کے انعقاد سے کیا اور ملک بھر سے ممتاز کلبوں کی ٹیموں کی نمائندگی کرتے ہوئے نیشنل اور انٹرنیشنل کھلاڑیوں قومی جونیئر ہاکی ٹیم کے کپتان عماد شکیل بٹ، نوحیز ملک اور رانا عمیر سمیت بڑی تعداد نے اسے چار چاند لگادئیے۔ ماہرین نے ایونٹ کو فائیو اے سائیڈ ہاکی کا سب سے کامیاب ایونٹ قرار دیاہے جس میں آرگنائزنگ سیکرٹری شمس علی اور ٹورنامنٹ ڈائریکٹر صابر علی کی شبانہ روز محنت نے اہم کردار ادا کیاجبکہ مشہور ہاکی برانڈاعوان سپورٹس میٹا ڈور کے ایم ڈی غضنفر علی نے بھی محب وطن پاکستانی ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے بھرپور تعاون کیا۔ ایونٹ کے ابتدائی راؤنڈ کے مقابلے مکمل ہونے کے بعد پہلا سیمی فائنل کنگ خان کلب راولپنڈی اور اور کنگ خان کلب سیالکوٹ کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا جس کا فیصلہ سڈن ڈیتھ پر راولپنڈی کے حق میں ہوا۔ میچ میں شائقین کا جوش و خروش دیدنی تھا جس نے ماضی کے ہاکی مقابلوں کی یاد تازہ کردی۔ دوسرے سیمی فائنل میں کنگ خان ملتان نے گریز ہاکی کلب سیالکوٹ کو ہراکر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔ فائنل کے موقع پر شائقین کی بڑی تعداد سٹیڈیم میں امڈ آئی جہاں کنگ خان راولپنڈی نے کنگ خان کلب ملتان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد پانچ کے مقابلے چھ گول سے ہراکر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ فائنل کے مہمان خصوصی اعوان سپورٹس کے ایم ڈی غضنفر علی نے ایونٹ کی فاتح ٹیم کو ٹرافی اور پچاس ہزار جبکہ رنرز اپ ٹیم کو ٹرافی اور تیس ہزار روپے انعام سے نوازا جبکہ شریک ٹیموں میں ہاکیاں، ٹریک سوٹ اور جوتے بھی تقسیم کئے گئے تاکہ ان میں ہاکی کھیلنے کا مزید جذبہ پیدا ہو۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آرگنائزنگ سیکرٹری شمس علی نے کہا کہ گزشتہ کئی برس سے کنگ خان انٹرنیشنل کلب دبئی ہاکی کی دنیا میں پاکستان کا نام روشن کر رہا ہے لیکن ہمارے صدر علی رضا خان نے پاکستان میں ہاکی کی بحالی کا بیڑہ اٹھایا ہے۔ اس وقت ملک کے کئی شہروں میں کنگ خان کے نام سے ہاکی کلب قائم کردئیے گئے ہیں جن کا دائرہ ملک بھر میں پھیلایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بطور ہاکی پلیئر اور آرگنائزر قومی کھیل کی موجودہ صورتحال دیکھ کر بہت دکھ ہوتا ہے لیکن ہمیں اس پر افسوس کرنے کی بجائے عملی طور پر بھی کچھ کرنا چاہیے آنے والے دنوں میں کنگ خان کلب ہاکی کے فروغ کے حوالہ سے متعدد پروگراموں کا اعلان کرے گا۔

About Muhammad Imran Khan

Check Also

انضمام الحق سینئر کے بعد جونیئر مینز کرکٹ سلیکشن کمیٹی کے سربراہ بھی مقرر

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) انضمام الحق کو جونیئر مینز کرکٹ سلیکشن کمیٹی کا چیئرمین مقرر …

Skip to toolbar