Home / انٹر نیشنل / انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم رواں سال اکتوبر میں پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کرے گی۔

انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم رواں سال اکتوبر میں پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کرے گی۔

لاہور۔9جنوری (ڈیلی پاکستان آن لائن): انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم رواں سال اکتوبر میں پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کرے گی۔ ترجمان پی سی بی کے مطابق مہمان ٹیم کراچی میں دو ٹی ٹوئنٹی اور تین ایک روزہ انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔
پی سی بی کے مطابق ویمنز ورلڈ چیمپئن ٹیم دورے میں شامل دوٹی ٹوئنٹی میچز 14 اور 15 اکتوبر کو کھیلے گی، یہ دونوں ٹی ٹوئنٹی میچز اسی روز کھیلے جائیں گے کہ جب انگلینڈ کی مینز کرکٹ ٹیم پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل رہی ہوگی،مسلسل دو روز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے یہ کل چاروں میچز( 2 مینز ٹیموں کے اور 2 ویمنز ٹیموں کے)ڈبل ہیڈر کی بنیاد پر منعقد ہوں گے،پاکستان اور انگلینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے مابین تین ایک روزہ انٹرنیشنل میچز 18، 20 اور 22 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے،انگلینڈ مینز کرکٹ ٹیم نے آخری مرتبہ سال 2005 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا تاہم ویمنز ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کی عالمی چیمپئن ٹیم کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے.
پاکستان اور انگلینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیمیں آخری مرتبہ گزشتہ سال آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں مدمقابل آئی تھیں، آسٹریلیا میں کھیلے گئے اس ٹورنامنٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 42 رنز سے شکست دی تھی،پاکستان نے سال 2019 میں انگلینڈ ویمنز ٹیم کی ملائیشیا میں میزبانی کی تھی، جہاں مہمان ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی سیریز 2-0 سے جبکہ ون ڈے سیریز 3-0 سے جیت لی تھی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا کہ خواتین کرکٹ کی عالمی چیمپئن انگلینڈ ویمنز ٹیم کی پہلی مرتبہ پاکستان آمد دنیا بھر خصوصا ًہمارے خطے میں خواتین کرکٹ کے فروغ کےلئے ایک بڑا اور اہم اعلان ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اعلان پاکستان اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے تعلقات کی مضبوطی اور ان میں موجوداعتماد کی واضح مثال ہے ، کوویڈ 19 کی وبا کے باوجود گزشتہ سال سے ملک میں جاری انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک میچز کے کامیاب انعقاد نے بھی دیگر بورڈز کے اعتماد میں اضافہ کیا ہے۔وسیم خان نے کہاکہ جہاں ایک عالمی چیمپئن سائیڈ کےخلاف 3 ایک روزہ انٹرنیشنل میچز سے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کو بہت تجربہ ملے گا تو وہیں نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں مینز کرکٹ میچ سے قبل ویمنز ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے دونوں ٹیموں کے اکٹھے ہونے کا یہ منظر اس خطے میں ویمنز کرکٹ کے لیے شاندار لمحہ ہوگا۔چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہاکہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان دیگر ممالک کی خواتین ٹیموں کے دورہ پاکستان کے لیے بھی ایک اچھی نوید ثابت ہوگا۔کلیئر کانر، ایم ڈی ویمنز کرکٹ ای سی بی:انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی منیجنگ ڈائریکٹر برائے ویمنز کرکٹ کلیئر کانر کا کہنا ہے کہ ہمیں یہ تاریخی اعلان کرتے ہوئے بہت خوشی محسوس ہورہی ہے، انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم نے اس سے قبل کبھی بھی پاکستان کا دورہ نہیں کیا، لہٰذا یہ ٹور نہ صرف ایک یادگار مگر شاندار دورہ ثابت ہوگا۔
کلیئر کانر نے کہا کہ دورہ پاکستان نہ صرف دونوں ٹیموں کے لیے آن فیلڈ کرکٹ کھیلنے کا ایک بہترین موقع ہے بلکہ اس دورے سے ہم دنیا بھر خصوصا ًاس خطے میں خواتین کو بااختیار بنانے میں اپنا اہم حصہ بھی ڈال سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ گزشتہ سال پاکستان آئی تھیں ، لہٰذا وہ جانتی ہیں کہ یہ دورہ ہمارے کھلاڑیوں کے لیے کتنا یادگار رہے گا۔شیڈول کے مطابق 14 اکتوبر کو پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ بمقام نیشنل اسٹیڈیم کراچی،15 اکتوبر کو دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ بمقام نیشنل اسٹیڈیم کراچی جبکہ18 اکتوبر کو پہلا ایک روزہ انٹرنیشنل میچ بمقام نیشنل اسٹیڈیم کراچی،20 اکتوبر کو دوسرا ایک روزہ انٹرنیشنل میچ بمقام نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور22 اکتوبر کو تیسرا ایک روزہ انٹرنیشنل میچ بمقام نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔

User Rating: Be the first one !

About Daily Pakistan

Check Also

نامعلوم افراد کی aاداکارہ مالا کی گاڑی پر فائرنگ، بھائی جاں بحق

فیصل آباد (غیلی پاکستان آن لائن) نامعلوم افراد نے سٹیج اداکارہ اور میک اپ آرٹسٹ …

Skip to toolbar