”اپیل فائلنگ کے طریق کار ” کے موضوع پر سیمینار میںمسائل کی نشاندہی ،ممکنہ اصلاحات پر روشنی ڈالی گئی
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے سیلز ٹیکس کے اپیل سسٹم کو آن لائن کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیکس پیئر زکو نوٹسز نہ ملنے کی وجہ سے ٹیکس پریکٹیشنرز کو بھی آگاہی نہیں ہوتی،انکم ٹیکس کا اپیل سسٹم آن لائن جبکہ سیلز ٹیکس کا مینوئل ہے جس کی وجہ سے ٹیکس پیئرز اور ٹیکس پریکٹیشنرز کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ان خیالات کا اظہار لاہور ٹیکس بار کے صدر شہباز صدیق،نائب صدر میاں محمد زاہد،جنرل سیکرٹری انیب اختر انصاری،فنانس سیکرٹری حسن یوسف،جوائنٹ سیکرٹری احمد رضا نے ”اپیل فائلنگ کے طریق کار ” کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار میں ندیم بٹ ،مرزامنور بیگ ،خرم شہباز بٹ اور دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس پیئر زکے بنکوں سے رقم نکلوانے پر پتہ چلتا ہے کہ اپیل کا فیصلہ یکطرفہ ہوچکا اور ایف بی آر کے افسران اکائونٹ سے رقم نکلوا چکے ہیں ،یہ ٹیکس پیئر کے ساتھ ظلم اور انصافی ہے ،عدالت میں فیصلہ آنے کے بعد بھی بنکوں سے نکالی گئی رقم واپس نہیں ملتی۔انہوں نے ایف بی آر سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس کی اپیلوں کے سسٹم کو آئرس کے پورٹل پر آن لائن ہونے کے باوجود مینوئل طریقے سے بھی نوٹسز کو یقینی بنایا جائے تاکہ ٹیکس پیئرز اپنا قانونی آئینی حقوق سے فائدہ اٹھا سکیں۔ااس موقع پر مقررین نے اپیل کے موجودہ نظام کے مسائل کی نشاندہی اورقانونی طریقہ کار میں بہتری کے لیے ممکنہ اصلاحات پر بھی روشنی ڈالی ۔سیمینار میں یہ واضح کیا گیا کہ اپیل فائلنگ کا درست طریق کار اپیل کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ قانونی ماہرین نے اس بات پر زور دیا کہ قانونی فریقین کو عدالتوں میں اپیل دائر کرنے سے پہلے تمام ضروری پہلوئوں اور طریق کار کی مکمل جانچ پڑتال کرنی چاہیے تاکہ بعد میں کسی قسم کی رکاوٹ یا مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
