امریکی پابندیوں اور دباﺅ کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، خامنہ ای
جوہری اور میزائل پلان پر امریکا سے مذاکرات نہیں کریں گے، ایرانی روحانی پیشوا
تہران(ڈیلی پاکستان آن لائن) ایران کے روحانی پیشوا علی خامنہ ای نے صدر ٹرمپ کے ساتھ مذاکرات کو خارج از امکان قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کی اقتصادی پابندیوں اور دباﺅکا مقابلہ کریں گے۔
عالمی میڈیا کے مطابق سرکاری ٹیلی وڑن پر عوام سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای نے کہاکہ امریکا کی جانب سے بلا جواز پابندیاں اٹھانے تک صدر ٹرمپ کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہوں گے،ایرانی عوام کے ساتھ مل کر امریکا کی پابندیوں اور دباﺅکا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔
ایران کے روحانی پیشوا علی خامنہ ای نے امریکا پر الزام عائد کیا کہ ان اقتصادیوں پابندیوں کا حقیقی مقصد ایران کو عدم استحکام سے دوچار کرنا ہے تاکہ ایرانی میزائل پروگرام کو کمزور کیا جا سکے اور خطے میں ایران کے اثر و رسوخ کو محدود کرنا ہے۔
سپریم لیڈر نے عالمی قوتوں کے ایران کے ساتھ عالمی جوہری معاہدے سے امریکا کی دستبرداری اور معاہدے کو ناکامی سامنا ہونے پر یورپی یونین کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین نے اپنا کردار موثر طریقے سے ادا نہیں کیا ورنہ عالمی امن کے ضامن اس معاہدے کو بچایا جا سکتا تھا۔