افغان عوام کی مدد کے لیے حکومت پاکستان کا بڑا اقدام، وفاقی وزیر اطلاعات نے اہم اعلان کر دیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ افغان عوام کی مدد کیلئے خصوصی فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں کہا کہ افغانستان کے ساتھ تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں اور افغانستان میں انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک کی تنظیم (او آئی سی) وزرائے خارجہ کا اجلاس اگلے ماہ اسلام آباد میں بلا رہے ہیں۔ افغان عوام کی مدد کے لیے خصوصی فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور پاکستان کی عوام بھی افغانستان کیعوام کی مدد کر سکیں گے۔ افغان عوام کے لیے جو کچھ ہو سکا وہ کریں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ 2 کروڑ 30 لاکھ افغان غذائی قلت کا شکار ہیں اور مسلم امہ سے اپیل ہے کہ وہ افغان عوام کی مدد کے لیے آئیں۔ افغانستان کی صورتحال المیے سے کم نہیں ہے۔افغانستان کی صورتحال سے متعلق مزید بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ چاول اور گندم افغانستان بھیجیں گے کیونکہ موجودہ صورتحال سے افغانستان میں بچے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔فواد چوہدری نے کہا کہ اہم قوانین کی منظوری پارلیمنٹ کیمشترکہ اجلاس میں کرائی جائے گی۔ گیس پر سبسڈی دی گئی جس کا غلط استعمال کیا گیا۔ کہا گیا کہ چینی 160 روپے سے اوپر چلی گئی ہے لیکن آن لائن ایپ پر آپ 100 روپے کلو منگوا سکتے ہیں۔