پولیس ،نیب کی طرز پر لا محدود اختیارات دینے کے مثبت نتائج نہیں نکل سکتے ‘ چیئرمین عامر قدیر
لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن )ریونیو ایڈوائزر زایسوسی ایشن کے چیئرمین عامر قدیر نے کہا ہے کہ مہم جوئی اور غلط اسیسمنٹ سے ٹیکس اہداف حاصل نہیں کئے جا سکتے ،صرف خانہ پری کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کی وجہ سے ہزاروں کیسز اپیلوں کی صورت میںٹربیونلز اور عدالتوں میں پڑے ہوئے ہیں ،ان کے نتائج کیا نکلیںگے ایف بی آر کے افسران اس سے پیشگی آگاہ ہیں۔اپنے دفتر میں ملاقات کے لئے آنے والے ٹیکس پریکٹیشنرز اور تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے عامر قدیر نے کہا کہ ایف بی آر کو پولیس اور نیب کی طرز پر لا محدود اختیارات دینے کے مثبت نتائج نہیں نکل سکتے بلکہ ٹیکس دہندگان میں خوف و ہراس پھیل رہا ہے ۔ایف بی آر کو اپنا مثبت تاثر اجاگر کرنے کے لئے اقدامات اٹھانا ہوں گے ۔ مہم جوئی اور خوف و ہراس سے ٹیکس اہداف پورے نہیں ہوں گے بلکہ اس سے ٹیکس چوری اور لیکج بڑھے گی کیونکہ ٹیکس دہندگان ادارے کے پاس جانے کی بجائے چور راستے کو ترجیح دیں گے جس سے اربوں روپے قومی خزانے میں جانے کی بجائے رشوت کی صورت میں جیبوں میں چلے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کی جانب سے اسیسمنٹ کے نتیجے میں بننے والے کیسز کا آڈٹ کرایا جائے تاکہ اصل حقائق سامنے آسکیں اور ٹربیونلز اور عدالتوں پر بوجھ کم ہو سکے۔
