مختلف شعبہ ہائے زندگی کی نامور شخصیات کواس مہم کا حصہ بننا چاہیے ‘ انٹر پرینیور ،چیئرمین چلتن پیور
لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن) انٹرپرینیور و چیئرمین چلتن پیورپاکستان نجم مزاری نے قومی سطح پر ” میڈ اِن پاکستان ‘ ‘ مہم شروع کرنے کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاستدانوں، کھیلوں ،شوبز سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ نامور شخصیات کواس مہم کا حصہ بننا چاہیے ، پاکستان درآمدی بل کی مد میں سالانہ اربوں ڈالر خرچ کرتا ہے اور مہم کی کامیابی کے ذریعے اس میں کئی گنا کمی لائی جاسکتی ہے ۔ اپنے بیان میں نجم مزاری نے کہا کہ اگر تمام پاکستانی اپنے ملک میں بنی ہوئی مصنوعات کا استعمال شروع کر دیں تو پاکستانی معیشت کو بھی تحرک ملے گا ، مینو فیکچررز کو ویلیو ایڈیشن پر خصوصی توجہ دینی چاہیے تاکہ برآمدات کی طرف بھی پیشرف کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل سوشل میڈیا انفلونسرز ،سیاستدانوں ، کھیلوں ،شوبز سمیت دیگر شعبوں کی شخصیات کی پیروی کرتی ہیں اس لئے ایسے لوگوں کو اس مہم کا حصہ بنایا جانا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں ڈرائی فروٹس ،کھانے پینے کی اشیاء ،کاسمیٹیکس ،ملبوسات ، جوتے ،فرنیچر، کراکری ، گھروں کی ٹائلز حتی کہ ہوزری کا سامان تک بیرون ممالک سے منگوایا جاتا ہے اور اس مد میں سالانہ اربوں ڈالر خرچ ہوتے ہیں۔ تجویز ہے کہ حکومت اس طرح کی مصنوعات منگوانے پر درآمدی ڈیوٹی میں کم از کم 500 فیصد اضافہ کرے تاکہ اس سلسلے کو روکا جا سکے ۔
