آزاد جموں و کشمیر کے سابق صدر کو امریکا میں پاکستانی سفیر تعینات کرنے پر غور
جب تک اسد مجید خان اپنی مدت پوری کریں گے یہ مرحلہ مکمل ہوجائے گا ،پاکستانی سفیر
واشنگٹن(ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکا میں اسد مجید خان کی بطور پاکستانی سفیر مدت مکمل ہونے پر پاکستان جلد واشنگٹن میں اپنا نیا سفیر تعینات کرے گا اور اس ضمن میں آزاد جموں و کشمیر کے سابق صدر کا نام زیر غور ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق اسلام آباد کی جانب سے سفیر منتخب کرنے کا مرحلہ شروع کردیا گیا ہے اور اس عہدے کے لیے آزاد جموں و کشمیر کے 27 ویں صدر سردار مسعود خان سر فہرست امیدوار ہیں۔دلچسپ بات یہ ہے کہ سردار مسعود خان آزاد جموں و کشمیر میں صدر کا عہدہ سنبھال چکے ہیں اب وہ سفیر کا عہدہ قبول کرنے کے لیے تیار ہیں۔مسعود خان کی نامزدگی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں پاکستان کے دوسرے سفیر نے کہا کہ کوئی تو عہدہ سنبھالے گا لیکن ہم نہیں جانتے وہ کون ہوگا، ایسے فیصلے اسلام آباد میں ہوتے ہیں۔اس سے قبل مسعود خان 2 بار جینیوا میں پاکستان کے نمائندہ کے طور پر اور نیویارک اور چین میں پاکستان کے سفیر کی حیثیت سے فرائض انجام دے چکے ہیں۔واشنگٹن میں سفارتی مبصرین کا کہنا تھا کہ مسعود خان کی نامزدگی مضبوط عندیہ ہے کہ پاکستان اب مقبوضہ کشمیر کے مسئلے کو نمایاں کرنا چاہتا ہے۔تاہم مبصرین نے مزید کہا کہ 15 اگست کو سقوط کابل کے بعد یہ کرنا حیرت انگیز ہے، واشگٹن کی توجہ اس وقت افغانستان پر مرکوز ہے۔