دہائیوں سے جاری بربریت عالمی برادری ،انسانی حقوق کی تنظیموں کے منہ پر طمانچہ ہے’ سینئر رہنما پی ٹی آئی
لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم کشمیریوں کی آزادی اور حق خود ارادیت کی منزل کے حصول تک ان کی غیر مشروط حمایت کرتی رہے گی،بھارتی حکومت کی دہائیوں سے جاری بربریت عالمی برادری اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کے منہ پر طمانچہ ہے ۔ یوم یکجہتی کشمیرپر جاری اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ بھارت کی روایتی ہٹ دھرمی سے کشمیریوں پر عرصہ حیات تنگ کیا گیا ہے لیکن اس کے باوجود کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد میں کمی کی بجائے شدت آئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی بے کسی اور بدحالی پر عالمی برادری کی خاموشی ظالم کا ساتھ دینے کے مترادف ہے ۔مظلوم کشمیری آج بھی اس بات کے منتظر ہیں کہ اقوام متحدہ اپنا کردار ادا کرتے ہوئے بھارت پر دباو ڈالے اور مقبوضہ کشمیر میں قابض افواج کی طرف سے نہتے کشمیر یوں پر مظالم بند کروائے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی قوم اپنے مظلوم کشمیری بہن بھائیوں کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ ہے اور ان کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گی۔انہوںنے کہا کہ ظلم کبھی نہ کبھی مٹتا ہے، بھارت کو بھی ہر حال میں کشمیریوں کی خودارادیت کو تسلیم کرنا ہوگا،ان شااللہ کشمیریوں کو جلد بھارتی تسلط سے آزادی حاصل ہو گی۔
