آپکا ماضی آپ میں تلخی لے آتاہے ،کئی فنکاروں نے بہت مشکل حالات دیکھے ہیں‘ عرفان کھوسٹ
سینئر فنکاروں کی اکثریت نے جتنی محنت کر کے مقام حاصل کیا آج کا فنکار اس کا سوچ بھی نہیں سکتا
لاہور اپریل 25(ڈیلی پاکستان آن لائن) سینئر اداکار عرفان کھوسٹ نے کہا ہے کہ مجھے اپنے ماضی کاکوئی افسوس نہیں کیونکہ اگرمیں بھوک نہ کاٹتا تو آج میں اور میرے بچے اس مقام پر نہ پہنچتے ،بعض اوقات آپ کا ماضی آپ میں تلخی لے آتا ہے اور میرے ساتھ بھی ایسا ہوا ہے ، سینئر فنکاروں کی اکثریت نے جتنی محنت کر کے مقام حاصل کیا آج کا فنکار اتنی محنت کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا ۔
ایک انٹر ویو میں گفتگو کرتے ہوئے عرفان کھوسٹ نے کہا کہ میں نے ریڈیو،ٹی وی ،اسٹیج اورفلم میںبے پناہ کام کیا ہے اور پہلے پہل میں اپنی فلم کے کام سے مطمئن نہیں تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں سے اچھی چیزیںیاد رکھنی چاہیے اور بری بھلادینی چاہیے،بعض اوقات ایساہوتا ہے کہ آپ کا ماضی آپ میں تلخی لے آتاہے اورمیری زندگی میں بھی ایک عرصہ تلخی رہی ہے ، اس وقت مجھ سے جن لوگوں کی دل آزاری ہوئی میں ان سے دست بدستہ معافی مانگتا ہوں۔عرفان کھوسٹ نے کہا کہ ہمیشہ نیک نیتی سے محنت کی ہے اور خدا کی ذات نے آج اس کا پھل بھی عطا کیا ہے او رمیرے بچے بھی میری طرح محنت کرنے والے ہیں۔